Jan ۰۵, ۲۰۲۶ ۱۰:۲۳ Asia/Tehran
  • وٹامن ڈی سپلیمنٹس: روزانہ استعمال صحت بخش یا فضول خرچی؟

وٹامن ڈی کو صحت کے لیے بہت اہم قرار دیا جاتا ہے کیونکہ یہ ہڈیوں، مدافعتی نظام، مسلز اور مزاج وغیرہ پر مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔

سحرنیوز/صحت: وٹامن ڈی صحت کے لیے بہت اہم ہوتا ہے۔ مگر بیشتر افراد اس کی مناسب مقدار کو غذا یا سورج کی روشنی کے ذریعے جسم کا حصہ نہیں بنا پاتے۔

تو اس کا حل وٹامن ڈی سپلیمنٹس کی شکل میں موجود ہے۔

مگر کیا وٹامن ڈی سپلیمنٹس کا طویل عرصے تک روزانہ استعمال صحت کے لیے محفوظ اور مفید ہوتا ہے یا بس پیسے ہی ضائع ہوتے ہیں۔

بیشتر صحت مند بالغ افراد کے لیے ایک مخصوص حد میں وٹامن ڈی سپلیمنٹس کا استعمال محفوظ ہوتا ہے۔

ان سپلیمنٹس کے روزانہ استعمال کے چند فوائد درج ذیل ہیں۔

ہڈیوں کو مضبوط بنانے میں مدد ملتی ہے

 

وٹامن ڈی کیلشیئم کو جذب کرنے اور ہڈیوں کی مضبوطی برقرار رکھنے کے لیے اہم ہوتا ہے۔

طویل المعیاد بنیادوں پر وٹامن ڈی کے سپلیمنٹس کا استعمال خاص طور پر اس کے ساتھ مناسب مقدار میں کیلشیئم کے استعمال سے ہڈیوں کے حجم میں کمی کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

یہ سپلیمنٹس درمیانی عمر کی خواتین، معمر افراد اور سورج کی روشنی میں کم گھومنے والے افراد کے لیے زیادہ مفید ثابت ہوتے ہیں۔

مدافعتی نظام زیادہ بہتر کام کرتا ہے

 

تحقیقی رپورٹس سے ثابت ہوا ہے کہ وٹامن ڈی مدافعتی افعال کے لیے اہم کردار ادا کرتا ہے۔

وٹامن ڈی کی کمی سے نظام تنفس کے امراض سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔

طویل المعیاد بنیادوں پر وٹامن ڈی کے سپلیمنٹس کے استعمال سے صحت مند مدافعتی افعال کو معاونت ملتی ہے۔

مسلز کے افعال اور توازن بہتر ہوتا ہے

 

وٹامن ڈی کی کمی مسلز کی کمزوری اور بوڑھے افراد کے گرنے کا خطرہ بڑھاتی ہے۔

سپلیمنٹس کے ذریعے وٹامن ڈی کا حصول عمر میں اضافے کے ساتھ مسلز کے افعال کو بہتر بناتا ہے۔

مزاج اور دماغی صحت کو بھی فائدہ ہوتا ہے

 

دماغی صحت کے لیے بھی وٹامن ڈی اہم قرار دیا جاتا ہے۔

وٹامن ڈی کی کمی کو ڈپریشن کی علامات سے منسلک کیا جاتا ہے، مگر اس حوالے سے تحقیقی نتائج ملے جلے ہیں۔

مگر جسم میں وٹامن ڈی کی مناسب مقدار کو دماغی صحت کے لیے فائدہ مند تصور کیا جاتا ہے۔

طویل المعیاد بنیادوں پر دائمی امراض کا خطرہ کم ہوتا ہے

 

تحقیقی رپورٹس سے عندیہ ملا ہے کہ وٹامن ڈی کی کمی سے مخصوص دائمی امراض بشمول ہڈیوں کے بھربھرے پن کے عارضے، ذیابیطس ٹائپ 2 اور امراض قلب کا خطرہ بڑھتا ہے۔

وٹامن ڈی سپلیمنٹس کے استعمال سے ان امراض کی روک تھام کو ثابت تو نہیں کیا جاسکا، مگر ماہرین کے مطابق وٹامن ڈی کی کمی کو دور کرنے سے میٹابولک اور دل کی شریانوں کی صحت کو فائدہ ہوتا ہے۔

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

روزانہ وٹامن ڈی کی کتنی مقدار کو محفوظ قرار دیا جاتا ہے؟

 

بیشتر طبی اداروں کی جانب سے 70 سال سے کم عمر افراد کے لیے 600 آئی یو مقدار کا استعمال محفوظ قرار دیا جاتا ہے۔

70 سال سے زائد عمر کے افراد کو روزانہ 800 آئی یو مقدار کو جزو بدن بنانا چاہیے جبکہ درمیانی عمر کی خواتین، سورج میں کم گھومنے والے یا وٹامن ڈی کی کمی کے شکار افراد کے لیے ایک سے 2 ہزار آئی یو مقدار کو مثالی قرار دیا جاتا ہے۔

نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔

ٹیگس