پاکستان نیوزی لینڈ کے درمیان میچ، نیوزی لینڈ کو دوسواکانوے رنز کا ہدف
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے کرکٹ میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو سیریز کے آخری ونڈے میں جیت کے لیے دوسواکانوے رنز کا ہدف دے دیا ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان آخری ونڈے میچ میں کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پہلی وکٹ ہی سولہ رنز پر گر گئی جبکہ احمد شہزاد بارہ رنز بناکر بولٹ کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، بیس کے اسکور پر دوسری وکٹ بھی گر گئی، اظہر علی اسکور میں تین رنز کا اضافہ کرکے ہینری کا شکار بنے۔
تیسری وکٹ پر بابر اعظم اور محمد حفیظ نے ایک سو چونتیس رنز کی پارٹنر شپ قائم کی، دونوں بلے بازوں نے وکٹ کے چاروں جانب خوبصورت اسٹروک کھیلے، پانچ چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے چھہتر رنز بنانے والے محمد حفیظ ایک سو چوّن کے مجموعی اسکور پر کیچ آئوٹ ہوگئے، ان کی وکٹ سینٹنر کے حصے میں آئی۔
چوتھی وکٹ پر شعیب ملک اور بابر اعظم نے اکسٹھ رنز کی شراکت قائم کی، اس موقع پر شعیب ملک بتیس رنز بناکر بولٹ کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوگئے، اس وقت ٹیم کا اسکور اکتیس اوورز میں دو سوپندرہ رنز تھا، پانچویں وکٹ دوسو ستائیس رنز پر گر گئی جبکہ تراسی رنز بنانے والے بابر اعظم ہینری کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوگئے، انہوں نے اننگ کے دوران دس چوکے ایک چھکا بھی مارا ۔
چھٹی وکٹ دوسو چھپن کے اسکور پر گر گئی جب محمد رضوان صرف رنز کا اضافہ کرنے کے بعد رن آئوٹ ہوگئے۔ اس کے بعد سرفراز احمد اور وہاب ریاض نے اسکور میں تئیس رنز کا اضافہ کیا، ساتویں وکٹ وہاب ریاض کی گری، وہ گیارہ رنز بناکر اینڈرسن کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے تو مجموعی اسکورچوالیس اعشاریہ دو میں دو سو اناسی رنز تھا، اس کے بعد باقی تین کھلاڑی محمد عامر ایک، راحت علی صفراور سرفراز احمد اکتالیس رنز بناکر مللن کا شکار بنے تو ٹیم کا مجموعی اسکور سینتالیس اعشاریہ تین اوورز دوسونوے رنز آل آوٹ تھا ۔
واضح رہے کہ پاکستان کو پہلے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ستّر رنز سے شکست ہوئی تھی جبکہ دوسرا میچ بارش سے متاثر ہواتھا اور تیسرے میچ میں گرین شرٹ کی کامیابی کی صورت میں سیریز ایک ایک سے برابر ہوجائے گی۔