پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کرکٹ تعلقات میں کشیدگی
-
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہندوستان کے خلاف عہد شکنی کا کیس انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سامنے پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کرکٹ تعلقات میں کشیدگی برقرار ہے۔
ہندوستان نے پاکستان کے ساتھ آٹھ سال میں چھے ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے بارے میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے تھے اور اس سلسلے کی پہلی سیریز گذشتہ سال کھیلی جانی تھی۔
اب پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہندوستان کے خلاف عہد شکنی کا کیس انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سامنے پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب پاکستان کے صدر مقام لاہور میں پی سی بی گورننگ بورڈ میٹنگ میں چیئرمین شہریار خان نے اراکین کو ایک گھنٹے تک اس قرار داد کی بریفنگ دی۔
ارکان کو بتایا گیا کہ آئی سی سی سے انصاف نہ ملا تو یہ مقدمہ کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت میں بھی جاسکتا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سیریز نہ ہونے پر اپنے نقصان کی تلافی کے لئے آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے تحت تنازع طے کرنے کے لئے آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں قرارداد پیش کرنے کی تیاریاں بھی مکمل کر لی ہیں۔