Feb ۰۹, ۲۰۱۶ ۱۷:۲۹ Asia/Tehran
  • پاکستان: کرکٹ سپر لیگ سے ٹیم کا فائدہ

پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد نے کہا ہے کہ یو اے ای میں جاری پاکستان سپر لیگ سے قومی کرکٹ ٹیم کو نئے باصلاحیت کھلاڑی ملیں گے۔

پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد نے کہا کہ پی ایس ایل سے نہ صرف قومی کرکٹ ٹیم کو نیا ٹیلنٹ ملے گا بلکہ کھلاڑیوں اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی مالی فائدہ ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے دوران قومی جونیئر کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے اور ان کے ساتھ ڈریسنگ روم میں بیٹھنے کا موقع مل رہا ہے جس کی وجہ سے ان کو تجربہ حاصل ہونے کے ساتھ ساتھ ان کے اندر اعتماد بھی پیدا ہوگا۔

پاکستان اور ہندوستان کے تعلقات کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نہ صرف کھیل کے شعبے میں بلکہ ہر سطح پر ہندوستان کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش کرتا ہے۔ سابق پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ہندوستان سمیت پوری دنیا کے شائقین کرکٹ، دونوں ملکوں کے مابین سیریز کا انعقاد چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ آئی سی سی کا ایونٹ ہے اور پاکستانی ٹیم کو اس میں ضرور شرکت کرنی چاہئے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان نے اس ایونٹ کا بائیکاٹ کیا تو وہ عالمی سطح پر تنہا ہوجائے گا۔

واضح رہے کہ ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ میں، جو ہندوستان میں کھیلا جانے والا ہے، پاکستان کی شرکت کے بارے میں ابھی حکومت پاکستان نے کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ اورپاکستان کرکٹ بورڈ کو حکومت کے حتمی فیصلے کا انتظار ہے۔

ٹیگس