آئی سی سی کی جانب سے پاکستان کو وارننگ دیئے جانے کی تردید
پاکستان کرکٹ بورڈ کی مجلس عاملہ کے سربراہ نجم سیٹھی نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ آئی سی سی نے پاکستان کو ورلڈ ٹوئنٹی میں شرکت کے تعلق سے وارننگ دی ہے۔
اس سے پہلے ایک برطانوی ویب سائٹ نے دعوی کیا تھا کہ آئی سی سی نے اپنے بیان میں پاکستان کے ہندوستان میں ہونے والے ورلڈ ٹوئنٹی میں سیکورٹی خدشات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ہندوستانی بورڈ کے سیکورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔
خبر میں دعوی کیا گیا ہے کہ آئی سی سی نے وارننگ دی ہے کہ اگر پاکستان نے ہندوستان میں نہ کھیلنے کی کوئی ٹھوس وجہ پیش نہ کی تو اسے سخت قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ دنوں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ اگر حکومت پاکستان، سیکورٹی خدشات کے سبب ٹیم کو ہندوستان میں کھیلنے کی اجازت نہیں دیتی تو ہم آئی سی سی سے پاکستان کے ورلڈ ٹوئنٹی میچ کسی تیسرے ملک میں کرانے کا مطالبہ کر سکتے ہیں تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کی مجلس عاملہ کے سربراہ نجم سیٹھی نے اس خبرکو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی سی سی نے پاکستان کو کسی بھی قسم کی وارننگ جاری نہیں کی۔