ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں افغانستان اور اسکاٹلینڈ کی فتح
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں افغانستان نے زمبابوے کو اور اسکاٹ لینڈ نے ہانگ کانگ کو شکست دے دی۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں افغانستان نے زمبابوے کو شکست دے کر سپر ٹین مرحلے میں اپنی جگہ بنا لی ۔ ناگپور میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ایک سو چھیاسی رنز بنائے جبکہ محمد نبی باون رن کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے۔
جواب میں زمبابوے کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں ابتداء ہی سے دبائو کا شکار نظر آئی اور پوری ٹیم ایک سو ستّائیس رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
زمبابوے کا کوئی کھلاڑی بھی بیس رنز سے زیادہ اسکور نہ کر سکا۔اس طرح افغانستان نے زمبابوے کو ہراکر سپر ٹین مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا، افغانستان کے راشد خان نے تین وکٹ لئے۔
ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے پہلے مرحلے میں گروپ بی کے آخری میچ میں اسکاٹ لینڈ نے ہانگ کانگ کو آٹھ وکٹ سے شکست دے دی۔
ناگپور کرکٹ اسٹیڈیم میں ہانگ کانگ نے پہلے کھیلتے ہوئے بیس اوورز میں سات وکٹ پر ایک سو ستائیس رنز بنائے، مارک چیپ مین چالیس رنز بنا کر نمایاں رہے۔ اسکاٹ لینڈ کے میٹ مچن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں بارش کی وجہ سے اسکاٹ لینڈ کو ڈک ورتھ لوئیس قانون کے تحت دس اوورز میں چھیّتر رنز کا ٹارگیٹ دیا گیا جو اس نے دو وکٹ پر آٹھ اوورز میں حاصل کرلیا۔
میتھیو کراس بائیس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کائیل کوئٹزر نے ناقابل شکست بیس رنز بنائے۔