Mar ۲۸, ۲۰۱۶ ۰۷:۱۰ Asia/Tehran
  • ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ہندوستان نے آسٹریلیا کو ہرا دیا

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے کوارٹر فائنل میچ میں ہندوستان کی ٹیم ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔

شہر موہالی میں ہندوستان کے مشہور کھلاڑی اور ناقابل تسخیر رن مشین ویرات کوہلی نے ایک اور میچ میں وننگ اننگ کھیل کر مسلسل دوسری بار آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سیمی فائنل میں اپنے ملک کی ٹیم کے لئے جگہ بنا لی۔

ہندوستان کی ٹیم نے چھے وکٹ سے پراعتماد جیت اپنے نام کی۔ ویرات کوہلی نے 51 گیندوں پر 82 ناقابل شکست رن 9 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے بنائے۔ دھونی 18 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

ہندوستان کی ٹیم ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی واحد ایشین ٹیم ہے۔ ویرات کوہلی نے پاکستان کے خلاف پانچ وکٹیں لینے والے آسٹریلوی بالر جیمز فالکنر کے 18 ویں اوور میں 19 رنز بنا کر میچ کو یک طرفہ بنا دیا۔

ہندوستان کی ٹیم نے تیسری بار ٹی 20 ورلڈ کپ کا سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل بدھ کو نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان فیروز شاہ کوٹلہ نئی دہلی میں ہو گا جبکہ جمعرات کو دوسرے سیمی فائنل میں ہندوستان کا میچ ویسٹ انڈیز سے ممبئی میں ہو گا۔

اتوار کی شب پنجاب کرکٹ اسٹیڈیم میں آسٹریلیا نے چھے وکٹ پر 160 رن بنائے۔ ہندوستان نے مطلوبہ ہدف چار وکٹ پر پانچ گیندیں پہلے ہی پورا کر لیا۔ جیت کے ساتھ ہی موہالی اور چندی گڑھ سمیت ہندوستان کے مختلف شہروں کی سڑکوں پر جشن کا سماں ہو گیا۔ آسٹریلیا کی ٹیم پانچ بار ورلڈ کپ جیت چکی ہے لیکن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی جیت کے خواب کو شر مندہ تعبیر نہ کر سکی۔ ویرات کوہلی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

ٹیگس