اذلان شاہ ہاکی کپ،ہندوستان نے پاکستان کو ہرادیا
ملائیشیا میں جاری اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں ہندوستان نے پاکستان کوایک کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے دی ۔
اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان ہاکی ٹیم کی یہ مسلسل تیسری شکست ہے جس کے بعد پاکستان ٹورنامنٹ میں فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا ہے۔ پاکستان کی ہاکی ٹیم اس سے پہلے دو میچوں میں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا سے بھی ہار چکی ہے۔
ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں کھیلے گئے میچ کے ابتدائی لمحات میں منپریت کے گول کی بدولت ہندوستان نے برتری حاصل کی لیکن چند منٹ بعد پاکستان کے کپتان محمد عرفان نے گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔
کھیل آگے بڑھا تو پاکستان کی ٹیم ہندوستانی ٹیم کے جوابی حملوں کا دفاع نہ کرسکی اور رمندیپ نے ایک گول کرکے اپنی ٹیم کو دوگول سےبرتری دلائی۔ اس کے بعد ہندوستانی ٹیم میچ پر چھاگئی اور تیسرے اور چوتھے کوارٹرز میں پاکستانی کھلاڑی بے بسی کی تصویر بنے رہے۔
تیسرے کوارٹر میں ہندوستان کی ہاکی ٹیم نے ایک تین سے برتری قائم رکھی جبکہ چوتھے کوارٹر میں مزید دو گول کرکے پانچ ایک سے میچ جیت لیا۔ اس جیت کے بعد ہندوستان کی ٹیم نو پوائنٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پرآگئی ہے۔