عراق کا ایران میں فٹ بال میچ کھیلنے پر اصرار
عراق کے اسپورٹس حکام نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایران میں عراق کی فٹ بال ٹیم کے سعودی عرب کے ساتھ میچ کھیلنے کے اپنے فیصلے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق عراقی فٹبال فیڈریشن نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ وہ ایران میں عراقی فٹ بال ٹیم کے میچ کھیلنے پر پابندی کے ایشین فٹ بال کنفیڈریشن کے نئے فیصلے کے خلاف فٹبال کی بین الاقوامی عدالت میں شکایت کرے گی۔ عراقی فٹبال فیڈریشن نے ایشین فٹبال فیڈریشن اور فیفا کے نئے حکم کو کہ جو سعودی حکومت کے دباؤ پر جاری کیا گیا ہے، عراقی فٹبال کے ساتھ ناانصافی قرار دیا ہے۔
عراق کی کھیل اور نوجوانوں کی وزارت، اولمپک کمیٹی اور فٹ بال فیڈریشن نے بھی پیر کے روز ایک مشترکہ اجلاس میں اپنے اس فیصلے پر زور دیا تھا کہ عراق کی قومی فٹبال ٹیم ایران کے میدان میں اپنا میچ کھیلے گی۔ اس موقع پر جاری کیے جانے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ اپنا میچ کھیلنے کے لیے میدان کا انتخاب کرنا صرف عراق کا ہی حق ہے۔
واضح رہے کہ ایشین فٹبال کنفیڈریشن نے سعودی عرب کے دباؤ پر کہ جس نے روس میں ہونے والے دو ہزار اٹھارہ کے عالمی کپ کے کوالیفائی مرحلے میں ایران میں عراق کے ساتھ فٹبال میچ کھیلنے سے انکار کر دیا تھا، اتوار کے روز عراق کے پہلے انتخاب کی حیثیت سے ایران کی میزبانی ختم کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
عراقی فیڈریشن ابھی تک تہران میں میچ کھیلنے پر زور دے رہی ہے اور اس نے متبادل گراؤنڈ کا نام بھی پیش نہیں کیا ہے۔