بلائنڈ ٹی20 ورلڈ کپ فائنل میں ہندوستان فاتح
بلائنڈ ٹی20 ورلڈ کپ میں ہندوستان نے پورے ایونٹ میں ناقابل شکست رہنے والی پاکستانی ٹیم کو فائنل میں نو وکٹوں سے شکست دے کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
بنگلور چنا سوامی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے فائنل میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 197 رنز سکور کئے پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن پورے ایونٹ میں عمدہ بیٹنگ اورباؤلنگ کا مظاہرہ کرنے والی پاکستانی ٹیم فائنل میں بری طرح ناکام ہو گئی۔
پاکستانی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹ کے نقصان پر197 رنز بنا سکی، بدر منیر57 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بلے باز رہے۔
ہندوستان کی جانب سے کیتن پٹیل اور جعفر اقبال نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں ہندوستانی اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 110 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، اجے کمار 43 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے۔
کیتن پٹیل 23 رنز بنانے کے بعد ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے لیکن دوسرے اینڈ سے پرکاشا جیارامایا نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 99 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کو نو وکٹ کی فتح سے ہمکنار کرانے کے ساتھ ساتھ چیمپیئن بھی بنوا دیا۔
یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم پورے ایونٹ میں ناقابل شکست رہی اور لگاتار دس میچ جیتے جبکہ ہندوستانی ٹیم کو ایونٹ میں واحد شکست پاکستان کے ہاتھوں ہی ہوئی تھی۔