Feb ۰۵, ۲۰۱۸ ۱۲:۴۰ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے ہاتھوں جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کوشکست

ٹیسٹ سیریز میں ناکامی کے بعد ہندوستانی ٹیم نے سنچورین کے دوسرے ایک روزہ میچ میں بھی جنوبی افریقہ کو با آسانی 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔

میزبان ٹیم صرف 118 رن بنانے کے بعد ہی آوٹ ہوگئی۔  ابتدائی پانچ کھلاڑی صرف 99 رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ہاشم آملہ نے 23، کوائنٹن ڈی کاک نے 20، کپتان ایڈن مارکرام نے آٹھ، جے پی ڈومینی نے 25، کھایا زونڈو نے 25، کرس مورس نے 14، کاگیسو ربادا اور مورنے مورکل نے ایک، ایک بنائے جبکہ ڈیوڈ ملر اور عمران طاہر کوئی رن نہ بنا سکے۔

ہندوستان کی جانب سے لیگ اسپنر یزویندر چاہل نے 22 رنز کے عوض 5، کلدیپ یادو نے 3، بھونیشور کمار اور بمراہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہندوستان نے 119رنز کا آسان ہدف 20 اشاریہ 3اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔ ہندوستان کی جانب سے شیکھر دھون 51 اور ویرات کوہلی 46 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ روہت شرما 15رن بنا کر آئوٹ ہوئے۔

چھے میچوں کی سیریز میں ہندوستان کو دو صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ تیسرا میچ 7 فروری کو کیپ ٹا‎ؤن میں کھیلا جائے گا۔

ٹیگس