Nov ۱۶, ۲۰۲۴ ۱۷:۲۱ Asia/Tehran
  • آسٹریلیا نے پاکستان کو اور ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی

آسٹریلیا نے پاکستان کو اور ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی

سحر نیوز/ دنیا: آسٹریلیا نے دوسرے ٹی 20 میچ میں بھی پاکستان کو شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں میزبان آسٹریلیا نے پاکستان کو 13 رنز سے شکست دی، 148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 19 اعشاریہ 4 اوورز میں 134 رنز پر آوٹ ہوگئی۔

پاکستانی ٹیم کو آخری اوور میں جیت کےلیے 16 رنز درکار تھے، جو نہ بن سکے، محمد عرفان خان 37 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

پاکستان کی طرف سے عثمان خان 52، محمد رضوان 16 کے علاوہ کوئی کھلاڑی دہرا ہندسے میں اسکور نہ کرسکا، چار کھلاڑی صفر پر پویلین لوٹ گئے۔

آسٹریلیا کے اسپنر جانسن نے 26 رنز کے عوض 5، ایڈم زمپا نے 2 اور زاویئر بارٹلیٹ نے 1 وکٹ اپنے نام کی۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

آسٹریلیا نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹ پر 147 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 148 رنز کا ہدف دیا۔

واضح رہے کہ پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 29 رنز سے شکست دی تھی۔

دوسری جانب ہندوستان نے چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقا کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی ۔ جوہانسبرگ میں کھیلے گئے چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ہندوستان نے جنوبی افریقا کو ایک سو پینتیس رن سے شکست دے دی۔ ہندوستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ایک وکٹ کے نقصان پر دو سو تراسی رن بنائے۔ ہندوستان کے تلک ورما نے سینتالیس گیندوں پر ایک سو بیس رن کی ناقابلِ شکست اننگ کھیلی، ان کی اننگ میں دس چھکے اور نو چوکے شامل تھے۔ سنجو سیمسن، ایک سو نو رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، انہوں نے بھی نو چھکے اور چھے چوکے لگائے۔ بعد ازاں دو سو چوراسی رن کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی پوری ٹیم ایک سو اڑتالیس رن پر آؤٹ ہو گئی۔ اس طرح ہندوستان نے میچ جیتنے کے ساتھ ساتھ سیریز بھی اپنے نام کرلی ۔

ٹیگس