جنوبی افریقہ کو تیسرے ون ڈے میں ہندوستان کے ہاتھوں شکست
ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو تیسرے ون ڈے میں 124 رنز سے شکست دیتے ہوئے سیریز میں 0-3 کی برتری حاصل کرلی۔
جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے ہندوستان کو بیٹنگ کی دعوت دی جو ان کے لیے مہنگی ثابت ہوئی، ویرات کوہلی کی شاندار سنچری کی بدولت مہمان ٹیم اسکور بورڈ پر بڑا مجموعہ سجانے میں کامیاب رہی، بلو شرٹس نے 6 وکٹوں پر 303 رنز بنائے، کپتان ویرات کوہلی نے 159 گیندوں پر 12 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 160 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، شیکھر دھون نے 76 رنز بنائے، جنوبی افریقہ کی جانب سے جے پی ڈومنی نے 2 جبکہ کاگیسو ربادا، کرس مورس، فیلوکوایو اور عمران طاہر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
304 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم 40 اوورز میں 179 رنز پر پویلین لوٹ گئی، جے پی ڈومنی 51 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، 5 بیٹسمین ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہو سکے، ہندوستان کی جانب سے کلدیپ یادیو اور یزوندرا چہل نے 4،4 وکٹیں حاصل کئے جبکہ جسپریت بمراہ نے 2 وکٹیں حاصل کیں، ویرات کوہلی مین آف دی میچ قرار پائے۔
ہندوستان کو 6 ون ڈے میچز کی سیریز میں 0-3 سے برتری حاصل ہو گئی ہے، چوتھا ون ڈے 10 فروری کو جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔