ورلڈ کپ کرکٹ میں آج آسٹریلیا اور بنگلہ دیش آمنے سامنے
ورلڈ کپ کرکٹ کے 25ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ورلڈکپ کرکٹ کے 26ویں میچ میں آج آسٹریلیا اور بنگلہ دیش آمنے سامنے ہوں گے۔ اس سے قبل کل ورلڈ کپ کے 25ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
کیوی کپتان کین ولیمسن نے جنوبی افریقا کے 242 رنز کے جواب میں کپتانی اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا، ولیمسن نے چھکا لگا کر شاندار سنچری اسکور کی اور 103 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
آل راؤنڈر گرینڈ ہوم نے کپتان کا بھرپور ساتھ دیا اور ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر جیت میں اہم کردار ادا کیا، دونوں بلے بازوں کے درمیان چھٹی وکٹ پر 91 رنز کی قیمتی پارٹنر شپ قائم ہوئی تاہم گرینڈ ہوم 60 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے جب کہ اوپنر گپٹل 35، منرو9، لیتھم اور ٹیلر ایک ایک جب کہ جمی نیشن 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے کرس مورس نے 3، رباڈا، نیگڈی اور پھلکوایو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیتا اور پچ پر نمی سے فائدہ اٹھانے کے لیے پہلے بولنگ کرنے کو ترجیح دی، میچ کا ٹاس پچ گیلی ہونے کی وجہ سے تاخیر سے ہوا اور وقت ضائع ہونے پر فی اننگز میں ایک اوور کی کٹوتی کی گئی۔
کیوی کپتان کا فیصلہ بولرز نے درست ثابت کر دکھایا اور نپی تلی بولنگ سے بلے بازوں کو شروع سے ہی دباؤ کا شکار کیے رکھا، عمدہ بولنگ کی بدولت پروٹیز مقررہ 49 اوورز میں 6 وکٹوں پر 241 رنز ہی بنا سکے۔
جنوبی افریقی ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا اور اوپننگ جوڑی 9 رنز پر ہی ٹوٹ گئی، ہاشم آملہ نے 55 رنز بنائے۔ وینڈر ڈوسن نے 67 رنز بنائے انہوں نے 3 چھکے اور 2 چوکے لگائے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے فرگوسن نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں،بولٹ، گرینڈہومے اور سینٹنر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
بلیک کیپس نے مطلوبہ ہدف 6 وکٹوں پر آخری اوور میں حاصل کیا۔