Jun ۲۸, ۲۰۱۹ ۰۸:۴۴ Asia/Tehran
  • ورلڈ کپ کرکٹ: سری لنکا اور جنوبی افریقہ آج مد مقابل

ورلڈ کپ کے 34ویں میچ میں کہ ہندوستان نے ویسٹ انڈیز کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے 125 رنز سے شکست دے دی۔

ورلڈ کپ کرکٹ کے35 ویں میچ میں آج سری لنکا اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔ جبکہ اس سے قبل کل ورلڈ کپ کے 34ویں میچ میں ہندوستان نے ویسٹ انڈیز کو 125 رنز سے شکست دی تھی۔

مانچسٹر میں کھیلے گئے میچ میں ہندوستان کے 269 رنز کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم صرف 143 رنز پر ڈھیر ہوگئی، ہندوستانی بولرز نےتباہ کن بولنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیزکی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا دیے، کالی آندھی کے 6 بیٹسمین ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے، اوپنر ایمبریس 31 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ پوران نے 28، ہتھمیر نے 18،گرس گیل نے 6 اور ہوپ نے 5 رنز بنائے۔

ہندوستان کی جانب سے محمد شامی نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں، بھمرا اور چہل نے 2، 2 جبکہ پانڈیا اور یادیو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل ہندوستانی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا،  ہندوستان کی جانب سے روہت شرما اور لوکیش راہول نے اننگز کا آغاز کیا تاہم روہت 18 رنز بنانے کے بعد کیمار روچ کا شکار بنے ۔ لوکیش راہول 2 رنز کی کمی سے اپنی نصف سنچری مکمل نہ کرسکے اور 48 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد وجے شنکر بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہ بھی 14 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، کیدار جادھو 7 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ اس دوران ویرات کوہلی نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور وہ 72 رنز پر جیسن ہولڈر کا شکار بنے۔

پانڈیا نے 46 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ایم ایس دھونی 56 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیمار روچ نے 3 جب کہ شیلڈن کوٹریل اور جیسن ہولڈر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ٹیگس