Jun ۰۱, ۲۰۲۳ ۱۸:۰۲ Asia/Tehran
  • ترکیہ اور آرمینیا کے مقابلوں میں ایرانی کھلاڑی چمکے

ترکیہ میں ہونے والے اتھلیٹکس کے بین الاقوامی مقابلوں میں ایرانی کھلاڑیوں کی کارکردگی شاندار رہی۔

سحر نیوز/ ایران: ترکیہ کے شہر ارز روم میں ہونے والے ان مقابلوں کے دوران ایران کی قومی ٹیم کے کھلاڑی رضا بحرینی نے چودہ سیکنڈ چودہ ملی سیکنڈ میں ایک سو دس میٹر کے ہرڈل مقابلے کی پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔

ایران کی خاتون کھلاڑی فاطمہ محیطی زادہ نے سو میٹر کی دوڑ میں تیسری پوزیشن اور برونز میڈل حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی۔

ایران کے دوسرے کھلاڑی میلاد ناصح جہانی نے بھی چار سو میٹر کی دوڑ میں چھیالس سیکنڈ پینسٹھ ملی سیکنڈ کا ریکارڈ اپنے نام کرکے مقابلوں کا گولڈ میڈل جیت لیا۔

شہلا محمودی نے بھی چار سو میٹر اور حمیدہ اسماعیلی نژاد نے سو میٹر کا ریکارڈ توڑتے ہوئے پہلی پوزیشن پر اور گولڈ میڈل کو اپنے نام کرلیا۔

مجموعی طور پر ایران کی قومی ٹیم نے چار گولڈ میڈل حاصل کئے۔ یہ دو روزہ مقابلے گذشتہ روز اکتیس مئی کو اپنے اختتام پر پہنچے۔

دوسری جانب ایران کی رومن اسٹائل کشتی کی ٹیم نے آرمینیا کے بین الاقوامی مقابلوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے، کئی میڈل حاصل کئے۔

تیس اور اکتیس مئی کو آرمینیا کے یریوان شہر میں منعقد ہونے والے رومن اسٹائل کشتی کے مقابلوں میں ایران کے ہیوی ویٹ پہلوان فردین ہدایتی نے گولڈ میڈل، ستانوے کلوگرام کے کھلاڑی امیررضا اکبری نے سلور، سید آرش نگہداری، رضا قیطاسی، مرتضی پور عیسی اور امیررضا مرادیان نے برونز میڈل حاصل کرکے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

ٹیگس