Aug ۲۸, ۲۰۱۵ ۱۶:۱۹ Asia/Tehran
  • صیہونی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو
    صیہونی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو

برطانوی حکومت نے صیہونی حکومت کے وزیراعظم کی گرفتاری کے مطالبات مسترد کر دیئے ہیں-


روزنامہ اینڈی پینڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو، آئندہ مہینے برطانوی وزیراعظم سے ملاقات کے لئے لندن کے دورے پر جانے والے ہیں-

دوسری طرف نیتن یاہو کو جنگی مجرم کی حیثیت سے گرفتار کرنے کے لئے برطانوی حکومت اور پارلیمنٹ کی ویب سائٹوں پر موصول ہونے والی درخواستوں کی تعداد اسی ہزار سے تجاوز کر گئی ہے- دستخط شدہ ان درخواستوں میں کہا گیا ہے کہ بنیامن نتن یاھو جو ستمبر کے مہینے میں مذاکرات کے لئے برطانیہ کے دورے پر آنے والے ہیں، بین الاقوامی قوانین کے مطابق انھیں برطانیہ پہنچتے ہی جنگی جرائم اور دوہزار سے زیادہ فلسطینی شہریوں کے قتل عام کے جرم میں گرفتار کیا جائے-




یہ درخواستیں گذشتہ سال موسم گرما میں غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کے حملے میں دو ہزار دو سو فلسطینی شہریوں کی شہادت کی طرف اشارہ کرتی ہیں- شہید ہونے والے اکثر، عام فلسطینی شہری اور بچے تھے - رپورٹ کے مطابق اگر ان درخواستوں پر دستخط کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر جائے تو اسے جائزے کے لئے پارلیمنٹ میں پیش کرنا پڑے گا۔


برطانوی حکومت یہ استدلال پیش کر کے کہ نیتن یاھو کا دورہ ایک سرکاری دورہ ہے، دعوی کر رہی ہے کہ برطانیہ کے قانون اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق نیتن یاہو کو ہر قسم کی کارروائی سے تحفظ حاصل ہے-

ٹیگس