پناہ گزینوں کی حمایت یورپی ممالک کا انسانی فریضہ : بان کی مون
Sep ۰۹, ۲۰۱۵ ۰۸:۵۷ Asia/Tehran
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے کہا ہے کہ پناہ گزینوں کی حمایت یورپی ممالک کا انسانی فریضہ ہے ۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق بان کی مون نے کہا ہے کہ یورپی ممالک میں پناہ لینے والے پناہ گزینوں کے ساتھ ذمہ دارانہ سلوک کرنا یورپی ممالک کے رہنماؤں کا فریضہ ہے- رپورٹ کے مطابق بان کی مون نے یورپی ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ مہاجرین کے ساتھ امتیازی سلوک اور ان پر تشدد کرنے والوں نیز مہاجرمخالف اقدامات کرنے والوں کے خلاف ٹھوس کارروائی کی جائے -بان کی مون نے منگل کے روز اپنے جاری کردہ بیان میں آسٹریا ،جمہوریہ چیک، سلوواکیہ ، جرمنی ، یونان ، ہنگری اور پولینڈ کے رہنماؤں کے ساتھ ہونے والی اپنی گفتگو کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان ممالک میں آنے والے زیادہ تر پناہ گزینوں کا تعلق جنگ اور تشدد کا شکار ممالک سے ہے- ادھر اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزینان نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ دس دن میں بیالیس ہزار مہاجر ہنگری پہنچیں گے - رپورٹ کے مطابق اس وقت یونان میں تیس ہزار، مقدونیہ میں سات ہزار اور سربیہ میں پانچ ہزار مہاجر موجود ہیں اورآئںدہ دنوں میں مہاجرین کے ہنگری پہنچنے کا امکان ہے -
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزینان نے کہا کہ ہنگری کی سرحدوں پر مہاجرین کی بڑی تعداد کے انتظام و انصرام کے لئے بین الاقوامی امداد کی ضرورت ہے - اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزینان کے مطابق ان کے کمیشن کی طرف سے مہاجرین کے لئے خیمے، بستر اور کمبل سربیہ کی سرحدوں پر بھیجے گئے ہیں - یونان، مقدونیہ اور سربیہ کے راستے بڑی تعداد میں مہاجرین کے ہنگری اور دیگر یورپی ممالک پہنچنے کی وجہ سے جنوب مشرقی یورپ میں بڑے مسائل پیدا ہوگئے ہیں - یورپی رہنما لاکھوں افراد کی مہاجرت کی وجہ سے پیدا ہونے والے بدترین بحران سے، جو مہاجرین سے متعلق انیس سو پینتالیس کے بعد سے اب تک کا سب سے بڑا بحران بتایا جاتا ہے، مقابلے کی راہیں تلاش کرنے کے لئے کوشاں ہیں -