Sep ۲۰, ۲۰۱۵ ۱۹:۳۵ Asia/Tehran
  • یوکیا آمانو کا دورہ ایران ایٹمی ایجنسی کے ساتھ ایران کے تعاون کی علامت

آسٹریا نیشنل ایجنسی اپا نے ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے سربراہ یوکیا آمانو کے دورہ تہران کو اس ایجنسی کے ساتھ ایران کے تعاون کی علامت قرار دیا ہے۔

آسٹریا نیشنل ایجنسی اپا نے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ہونے والے ایٹمی معاہدے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ایران اور چھے بڑی طاقتوں نے کئی مہینوں تک سیاسی کشمکش کے بعد آخر کار ایک اچھے معاہدے تک رسائی حاصل کر لی۔

اس معاہدے کی رو سے ایران یورینیم کی افزودگی محدود کر دے گا اور اس کے بدلے میں یورپ کی ایران مخالف تمام پابندیاں اٹھا لی جائیں گی۔ اس خبر رساں ایجنسی نے مزید لکھا ہے کہ ایران نے ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے ساتھ مختلف طرح کے معاہدے کر کے اس بین الاقوامی ادارے کا اعتماد کافی حد تک حاصل کر لیا ہے اور یوکیا آمانو کے دورہ تہران سے ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے ساتھ ایران کے وسیع تعاون کی نشاندہی ہوتی ہے۔

آسٹریا نیشنل ایجنسی اپا کی رپورٹ کے مطابق مشترکہ جامع ایکشن پلان کے بعد یورپ سمیت دنیا کے مختلف ممالک کے ساتھ ایران کے بین الاقوامی تعاون کا راستہ ہموار ہوا ہے اور اب یہ ممالک، ایران کے ساتھ ہمہ گیر تعاون کے سلسلے میں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ٹیگس