مشرقی یوکرین سے اقوام متحدہ سے وابستہ اداروں کی سرگرمیاں روک دی گئیں
Sep ۲۵, ۲۰۱۵ ۱۱:۵۳ Asia/Tehran
انسان دوستانہ امور میں اقوام متحدہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل اسٹیفن اوبرین نے اعلان کیا ہے کہ مشرقی یوکرین سے اقوام متحدہ سے وابستہ اداروں کے اہلکار واپس لوٹ رہے ہیں-
موصولہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انسان دوستانہ امور میں اقوام متحدہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل اسٹیفن اوبرین نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ مشرقی یوکرین میں واقع لوگانسک میں اقوام متحدہ سے وابستہ اداروں کو مخالفین کی جانب سے جمعے کے روز علاقہ ترک کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں-انھوں نے مشرقی یوکرین میں مخالفین کے اس اقدام کو تشویشناک قرار دیا۔
اسٹیفن اوبرین نے مشرقی یوکرین میں دونیسک کے علاقے میں غیر سرکاری تنظیموں کے ناموں کے اندراج اور ان تنظیموں کو سرگرمیوں کی اجازت دیئے جانے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
انھوں نے کہا کہ مشرقی یوکرین میں اقوام متحدہ سے وابستہ تمام اداروں کی سرگرمیاں وقتی طور پر روک دی گئی ہیں اور اس علاقے میں اقوام متحدہ سے وابستہ اداروں کی آئندہ سرگرمیوں کے بارے میں مخالفین کے فیصلے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں کے دوران مشرقی یوکرین میں یوکرینی فوج اور مخالفین کے درمیان جھڑپیں ایک بار پھر شدّت اختیار کر گئی ہیں۔