مصر سے روسی شہریوں کی واپسی کا عمل شروع
روسی حکومت نے اپنے پینتالیس ہزار شہریوں کو مصر سے واپس لانے کا عمل شروع کردیا ہے-
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے طیارہ حادثے کی تحقیقات مکمل ہونے تک مصر جانے والی تمام روسی پروازوں کو روکنے کا حکم جاری کرنے کے بعد مصر میں موجود تمام روسی شہریوں کی بحفاظت واپسی کا عمل شروع کردیا ہے- مصر میں موجود پینتالیس ہزار روسی شہریوں میں سے نصف شہری شرم الشیخ میں بستے ہیں-
کریملن سے شائع ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ روس اور مصر کے سربراہان مملکت نے ٹیلفونی گفتگو میں اس امید کا اظہار کیا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان پروازوں کی آمدورفت کا سلسلہ عنقریب ہی دوباہ شروع ہوجائے گا-
واضح رہے کہ روسی صدر پیوٹن نے مصر میں گرنے والے روسی طیارے سے متعلق ملنے والی متضاد اطلاعات کے بعد مصر جانے والی تمام پروازوں کو روکنے کا حکم دیا ہے، اور کہا ہے کہ روسی طیارے کے گرنے کی حقیقی وجہ معلوم ہونے تک مصر جانے والی سبھی پروازیں بند رہیں گی-
صدر پیوٹن نے مصر میں موجود تمام روسی شہریوں کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی ہے- برطانیہ اور آئرلینڈ پہلے ہی شرم الشیخ سے آنے اور جانے والی پروازوں پر پابندی لگا چکے ہیں۔ مصر میں گر کر تباہ ہونے والے روسی طیارے میں عملے سمیت 224 افراد ہلاک ہوئے تھے۔