روس نے برطانیہ کی خفیہ ایجنسی کی رپورٹ کی تصدیق کردی
روس نے تصدیق کر دی ہے کہ صحرائے سینا میں اس کے مسافر بردار طیارے کو پیش آنے والا واقعہ دہشت گردانہ اقدام کا نتیجہ تھا۔
روس کے وزیر اعظم دیمیتری مدودف نے پیر کو ایک انٹرویو میں برطانیہ کی خفیہ ایجنسی کی رپورٹ ملنے کے بعد، اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ روس کی ایئر بس تین سو اکیس کو پیش آنے والا سانحہ دہشت گردی کا نتیجہ تھا-
مدودف نے مصر کے لئے روسی پروازوں کا سلسلہ روک دیے جانے کے فیصلے کے بارے میں کہا کہ یہ فیصلہ اگرچہ مشکل لیکن بر محل تھا، کیونکہ مسافر بردار طیارے کو پیش آنے والے سانحے کی تحقیقات جاری ہیں- روسی وزیر اعظم نے مصر کے لئے دوبارہ پرواز شروع کئے جانے بارے میں کہا کہ اس سلسلے میں فیصلہ کرنا مشکل ہے اور مصر سیاحت کے لئے مشہور ہے اور اس وقت بھی اسی ہزار سیاح مصر میں موجود ہیں-
برطانیہ نے پیر کو اپنی خفیہ ایجنسی کی وہ رپورٹ روس کے حوالے کردی جس میں مصر میں روسی مسافر طیارے کو پیش آنے والا سانحہ دہشت گردی کا نتیجہ ہونے کے بارے میں قوی امکان ظاہر کیا گیا ہے- ابھی حال ہی میں روس کا ایک مسافربردار طیارہ صحرائے سینا میں گر کر تباہ ہوگیا تھا اور اس میں سوار تمام دو سو چوبیس افراد جو روسی شہری اور سیاح تھے ہلاک ہوگئے تھے-