پناہ گزینوں کا بحران شام کے بحران سے مربوط ہے: اولانڈ
-
پناہ گزینوں کا بحران شام کے بحران سے مربوط ہے: اولانڈ
فرانس کے صدر نے کہا ہے کہ جب تک شام کے بحران کےحل کا کوئی راستہ تلاش نہیں کیا جاتا، پناہ گزینوں کا بحران جاری رہے گا-
ہمارے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق فرانس کے صدر فرانسوا اولانڈ نے مالٹا کے دارالحکومت ویلیٹا میں یورپی یونین اور افریقی ممالک کے سربراہی اجلاس میں کہا کہ جب تک شام کا بحران جاری ہے، اس بات کی توقع نہیں رکھی جا سکتی کہ پناہ گزینوں کا مسئلہ حل ہوجائےگا-
اولانڈ نے کہا کہ بعض فیصلے کئے گئے ہیں کہ جن پر اب مکمل طور عملدرآمد کی ضرورت ہے- انہوں نے کہا ہم نے لبنان اور اردن کے تعاون کی ضرورت پر بھی تاکید کی ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ یہ دونوں ملک بھی، اس سلسلے میں یورپ میں انجام پانے والے اقدامات سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہوں گے کیوں کہ یہ ممالک اس مسئلے میں براہ راست شامل ہیں-
فرانس کے صدر نے کہا کہ جب بھی شام میں جنگ کے خاتمے کی کوئی راہ حل نکل آئے گی پناہ گزینوں کا مسئلہ بھی ختم ہوجائے گا کیوں کہ جب تک یہ جنگ ختم نہیں ہوتی، پناہ گزینوں کا مسئلہ باقی رہے گا-
واضح رہے کہ یورپ کی جانب مہاجرین کی منتقلی کے بحران سے نمٹنے کے لئے بدھ کو مالٹا کے دارالحکومت ویلیٹا میں دو روزہ سربراہی اجلاس کا انعقاد کیا گیا-