پیرس کے اٹارنی جنرل کا دہشت گردی کے واقعات کے بارے میں بیان
Nov ۱۵, ۲۰۱۵ ۰۷:۳۷ Asia/Tehran
پیرس کے اٹارنی جنرل نے دہشت گردانہ واقعات کی تفصیلات بیان کی ہیں۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق پیرس کے اٹارنی جنرل فرانسوا مولن نے پیرس میں دہشت گردانہ حملوں کے ایک روز بعد پیرس میں ایک پریس کانفرنس کے دوران حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت تک ایک سو انتیس افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے لیکن یہ تعداد بعض زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہونے کی بنا پر عارضی ہے اور اس میں تبدیلی آ سکتی ہے۔پیرس کے اٹارنی جنرل نے دہشت گردی کے ان واقعات میں زخمی ہونے والوں کی تعداد تین سو باون بتائی ہے اور کہا ہے کہ ان میں سے تقریبا ایک سو افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان دہشت گردانہ حملوں کے دوران سات دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
فرانسوا مولن نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے سلسلے میں فرانسیسی حکومت کے عزم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پیرس عدالت میں انسداد دہشت گردی سیل کو فعال کر دیا گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہفتے کی سہ پہر سے اس واقعے سے متعلق تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک کی تحقیقات کے مطابق تین ہم آہنگ دہشت گرد گروپوں نے یہ دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ان دہشت گردانہ حملوں کے ذمہ داروں، ان کے ساتھیوں، ان کو حکم دینے والوں اور ان کی مالی ضروریات پوری کرنے والوں کی تلاش کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔