فرانس میں ایمرجنسی میں تین مہینے کے لئے توسیع کی جارہی ہے۔
-
فرانس کے صدر فرانسوا اولینڈ
ارنا کے مطابق فرانسیسی ذرائع نے بتایا ہے کہ صدر فرانسوا اولینڈ نے پارلیمنٹ سے ایمرجنسی میں تین مہینے کی توسیع کی منظوری کی اپیل کی ہے۔ یاد رہے کہ پیرس میں انجام پانے والے حالیہ دہشت گردانہ حملوں کے بعد حکومت نے پورے ملک میں ایمرجنسی نافذ کردی تھی۔
فرانس کے آئین کے مطابق حکومت صرف بارہ دن تک ملک میں ایمرجنسی نافذ کرسکتی ہے۔ بارہ دن سے زیادہ مدت کے لئے ایمرجنسی، پارلیمنٹ کی منظوری کے بعد ہی نافذ کی جاسکتی ہے۔
حالیہ دہشت گردانہ حملوں کے بعد صدر فرانسوا اولینڈ نے ایمرجنسی کے اعلان کے ساتھ ہی ملک کی سرحدیں بند کرنے کے احکامات بھی صادر کئے تھے۔
دوسری جانب فرانس پریس نے رپورٹ دی ہے کہ فرانس کے وزیر اعظم مانوئل والس نے پیر کے دن ایک بیان میں کہا ہے کہ دہشت گرد آئندہ چند دن کے اندر فرانس میں مزید دہشت گردانہ حملوں کی کوشش کرسکتے ہیں۔
فرانس کی سرکاری رپورٹ کے مطابق پیرس دہشت گردانہ حملوں میں ایک سو اٹھائیس افراد ہلاک ہوئے تھے اور بعد میں تین زخمیوں کے دم توڑجانے کے بعد یہ تعداد بڑھ کے ایک سو بتیس ہوگئی ۔ لیکن غیر سرکاری رپورٹوں میں مرنے والوں کی تعداد ایک سو پچاس سے ایک سو اسّی تک بتائی گئی ہے۔
داعش نے ایک بیان جاری کرکے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔