Nov ۱۶, ۲۰۱۵ ۱۸:۴۸ Asia/Tehran
  • دہشت گردی کے خلاف ماسکو لندن تعاون کی ضرورت پر روس کی تاکید
    دہشت گردی کے خلاف ماسکو لندن تعاون کی ضرورت پر روس کی تاکید

روس کے صدر نے دہشت گردی کے خلاف ماسکو لندن تعاون کی ضرورت پرزور دیا ہے۔

ترکی کے شہر انتالیہ میں گروپ بیس کے اجلاس کے موقع پر برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کے ساتھ ملاقات کے دوران روسی صدر نے ماسکو اور لندن کے درمیان تعاون بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ روس اور برطانیہ کے تعلقات اپنی بہترین شکل میں نہیں ہیں لیکن دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں۔

پیرس میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کا ذکر کرتے ہوئے صدر ولادی میر پوتن نے کہا کہ ان حملوں سے ، دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جدوجہد کی ضرورت اجاگر ہوئی ہے۔

دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ روس کے صدر نے انتالیہ میں اپنے امریکی ہم منصب باراک اوباما سے بھی ملاقات اور گفتگو کی ہے۔

ملاقات میں شام اور یوکرین کی صورتحال اور پیرس میں رونما ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس سے پہلے اتوار کے روز روسی صدر نے انتالیہ میں جرمن چانسلر انجلا مرکل سے بھی ملاقات کی تھی۔ جس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ اور سیکورٹی معاملات پر بات چیت سرفہرست رہی ۔

ٹیگس