داعش کے خلاف وسیع البنیاد اتحاد قائم کیا جائے، فرانس
فرانس کے صدر فرانسوا اولاند نے دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف وسیع البنیاد عالمی اتحاد کے قیام کا مطالبہ کیا ہے۔
بدھ کے روز پیرس میں ملک بھر کے میئروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر اولاند نے کہا کہ دہشت گرد گروہ داعش نے دراصل فرانس کے عالمی حقوق پر حملہ کیا ہے۔
انہوں نے فرانسیسی عوام سے اپیل کی کہ وہ انتہا پسندوں کی دھمکیوں اور خطرات سے خوفزدہ نہیں ہوں۔
فرانسیسی صدر نے پیرس کے نواحی علاقے سینٹ ڈینس میں پولیس کے چھاپے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ کاروائی پیرس کے حالیہ حملوں میں ملوث افراد کے خلاف کی گئی ہے۔
انہوں نے کہ ہم بدستور حالت جنگ میں ہیں ۔
ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب فرانس کی حکومت نے ملک بھر میں ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کردیا ہے۔
دوسری جانب فرانسیسی حکام نے کہا ہے کہ پیرس کے حالیہ خونی واقعے میں مرنے والے تمام 132 افراد کی شناخت ہوگئی ہے۔
اس حملے میں زخمی ہونے والے 221 افراد بدستور مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔