روس کا ایئر ڈیفینس سسٹم ایس -400 شام میں نصب
-
روس کا ایئر ڈیفینس سسٹم ایس فور ہنڈریڈ شام میں نصب
روس نے اپنا جدید ترین ایئر ڈیفینس سسٹم ایس فور ہنڈریڈ شام کے شہر لاذقیہ میں نصب کردیا ہے۔
روسی خبررساں ایجنسی آر آئی اے نے بتایا ہے کہ ایس فور ہنڈریڈ سسٹم چار سو کلومیٹر کی حدود میں روسی جنگی طیاروں کے لیے خطرہ بننے والے کسی بھی ہدف کو نشانہ بنا کر تباہ کرسکتا ہے۔
روسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ سسٹم شام کے شہر لاذقیہ میں، شام ترکی سرحد سے پچاس کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ایک علاقے میں نصب کردیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ترکی نے منگل کے روز شام میں داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کرنے والے ایک روسی طیارے کو مار گرایا تھا۔ ترکی نے دعوی کیا ہے کہ مذکورہ طیارے نے اس کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی جس پر اسے کئی بار وارننگ بھی دی گئی تھی۔
روس نے ترک حکام کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ روسی طیارہ ترکی کی سرحد سے سو کلومیٹر کے فاصلے پر شامی علاقے میں پرواز کررہا تھا جب اسے مارگرایا گیا۔
اس واقعے کے بعد روس اور ترکی کے درمیان تعلقات سخت کشیدہ ہوگئے ہیں۔ روس کے صدر ولادی میر پوتن نے ترکی کو سنگین نتائج کی دھمکی دی ہے۔