خوست میں بم دھماکے سے تین پولیس اہلکار ہلاک
-
خوست میں بم دھماکے سے تین پولیس اہلکار ہلاک
افغانستان کے صوبہ خوست میں ہونے والے بم دھماکے میں تین پولیس اہلکار مارے گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ہفتے کے روز صبح صوبہ خوست کے علاقے لاکان میں پولیس کی گاڑی کے راستے میں ایک بم دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار مارے گئے۔ صوبہ خوست افغانستان کے بد امنی والے جنوب مشرقی صوبوں میں شمار ہوتا ہے جہاں متعدد دھماکے اور حملے ہو چکے ہیں۔
ادھر دارالحکومت کابل کے مغرب میں بھی ہفتے کے روز ایک بم دھماکا ہوا جس میں کم سے کم ایک شخص ہلاک اور دوزخمی ہو گئے۔ ابھی تک کسی شخص یا گروہ نے ان دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے نیز پولیس نے بھی کسی کی نشاندہی یا گرفتاری نہیں کی ہے۔ کابل میں جمعرات کو بھی دو بم دھماکے ہوئے تھے جن کے نتیجے میں آٹھ افراد مارے گئے تھے۔
دریں اثنا طالبان نے افغانستان کے جنوبی شہر خاص اروزگان کی مقامی انتظامیہ کے سابق سربراہ کو قتل کر دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق صوبہ اروزگان کی سیکورٹی کمان کے ترجمان نور آغا کامران نے بتایا کہ طالبان نے جمعہ کی رات کو خاص اروزگان کی مقامی انتظامیہ کے سابق سربراہ "جمعہ خان" کو کابل حکومت کے ساتھ تعاون کے الزام میں قتل کر دیا۔
قابل ذکر ہے کہ طالبان گروہ اب تک سیکڑوں افغان شخصیات، عہدیداروں اور عام شہریوں کو حکومت کے ساتھ تعاون کے الزام میں قتل کرچکا ہے۔