مغرب شام میں لیبیاء جیسی غلطی نہ کرے، روس
-
مغرب شام میں لیبیاء جیسی غلطی نہ کرے، روس
روس کے وزیر خارجہ لاوروف نے کہا ہے کہ مغرب، لیبیاء میں اپنی غلطی سے عبرت حاصل کرے اور شام میں اس جیسی غلطی نہ دہرائے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیبیاء میں مغرب کی پالیسیاں اس ملک کی تقسیم کے خطرے کا باعث بنی ہیں اس لئے اسے چاہئے کہ شام میں ایسی کوئی غلطی کرنے کی کوشش نہ کرے۔
انھوں نے کہا کہ مغرب کو چاہئے کہ دیگر ملکوں میں حکومتیں تبدیل کرنے کی اپنی پالیسی پر نظرثانی کرے۔
روس کے وزیر خارجہ نے کہا کہ لیبیاء کی موجودہ صورت حال مغرب کی غیر ذمہ دارانہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔
لاوروف نے قذافی مخالف گروہوں کو اسلحہ فراہم کرنے سے متعلق حکومت فرانس کے اعتراف کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ فرانس، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مدد کی درخواست کرنے اور مالی میں ان ہی مسلح افراد کا مقابلہ کرنے پر مجبور ہوا ہے کہ لیبیاء میں جن کو اس نے ہتھیار فراہم کئے تھے۔
روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ کسی بھی ملک میں کوئی مسئلہ پیدا ہونے کی صورت میں فوری طور پر وہاں کی حکومت تبدیل کئے جانے کی پالیسی سے کبھی کامیابی حاصل نہیں کی جاسکتی۔