جنوبی کوریا کی فوج کو کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کا حکم
جنوبی کوریا نے اپنی فوج کو کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا ہے۔
جنوبی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق بری فوج کے سربراہ لی سان جین نے فوج کو حکم دیا ہے کہ وہ شمالی کوریا کی جانب سے کسی بھی اشتعال انگیز کارروائی کا جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار رہے۔
شمالی کوریا سے ملنے والی سرحدوں پر تعینات اعلی فوجی افسران سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر دشمن اشتعال انگیز اقدام انجام دیتا ہے تو اس کا فوری اور مناسب جواب دیا جائے۔ یون ہاپ نیوز ا یجنسی کے مطابق جنوبی کوریا نے فوج کی دو تازہ دم بٹالینوں کو بھی شمالی کوریا سے ملنے والی سرحدوں پر تعینات کردیا ہے۔
یہاں اس بات کا ذکر ضروری ہےکہ غیر فوجی سرحدی علاقے میں بارودی سرنگ کے دھماکے اور جنوبی کوریا کے دو فوجیوں کے زخمی ہونے کے بعد دونوں ممالک کی درمیان جنگ کی سی کیفیت پیدا ہوگئی ہے۔ انیس سو پچاس کے عشرے میں دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والی جنگ کے بعد سے سیؤل اور پیانگ یانگ کے درمیان تعلقا ت کشیدہ چلے آ رہے ہیں۔