شیخ ابراہیم الزکزکی کی حمایت میں امریکی مسلمانوں کا مظاہرہ
امریکی مسلمانوں نے نیویارک میں اقوام متحدہ میں نائیجیریا کے نمائندہ دفتر کے سامنے مظاہرہ کر کے نائیجیریا کے شیعہ رہنما شیخ ابراہیم الزکزکی کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مظاہرین نائیجیریا کی فوج کے ہاتھوں شیعوں کے قتل عام کی مذمت کر رہے تھے۔ انھوں نے ایسے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے کہ جن پر شیعوں کے قتل عام کی مذمت میں نعرے درج تھے۔
امریکی مسلمانوں کی کانگرس کے ایک رکن سید ایلیا نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ ابراہیم الزکزکی افریقہ میں ایک بڑے مذہبی رہنما ہیں اور وہ صرف شیعوں کے لیے کام نہیں کر رہے ہیں بلکہ سنی بھائیوں حتی مسیحی برادری کے لیے بھی ان کی خدمات ہیں۔
ایک اور مسلمان رہنما علی نقوی نے بھی کہا کہ ہم شیخ زکزکی اور ان دیگر افراد کی فوری اور غیرمشروط رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں کہ جنھیں نائیجیریا کی فوج اور حکومت نے بغیر کسی وجہ کے گرفتار کیا ہے۔
واضح رہے کہ نائیجیریا کی فوج نے زاریا شہر میں شیخ زکزکی کے گھر پر حملہ کر کے سینکڑوں شیعہ مسلمانوں کو قتل کر دیا تھا۔ اس حملے کے بعد فوج نے شیخ زکزکی کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔