سلامتی کونسل میں لیبیا کے متحارب دھڑوں کے اتفاق رائے کی منظوری
-
لیبیا کے متحارب گروہوں نے جمعرات سترہ دسمبر کو مراکش کے شہر صخیرات میں بحران لیبیا کے حل کے لیے ایک سیاسی معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اس اتفاق رائے اور معاہدے کی منظوری دے دی ہے کہ جو ایک قومی حکومت کی تشکیل کے لیے لیبیا میں متحارب دھڑوں کے درمیان اقوام متحدہ کی ثالثی سے حاصل ہوا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بدھ کے روز لیبیا میں ایک قومی حکومت کی تشکیل کے لیے برطانیہ کی مجوزہ قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کر لیا ہے۔ اس قرارداد میں کہا گیا ہے کہ لیبیا کی آئندہ قومی حکومت کو شمالی افریقہ کے اس ملک کی واحد نمائندہ حکومت ہونا چاہیے۔
اقوام متحدہ میں برطانیہ کے مستقل نمائندے میتھیو ریکرافٹ نے اس قرارداد کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے لیبیا کے امن معاہدے کو قبول نہ کرنے والوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اس اتفاق رائے میں شامل ہو جائیں۔
اس قرارداد میں سلامتی کونسل نے لیبیا میں ایک صدارتی کونسل کی تشکیل کا خیرمقدم کیا ہے اور گزشتہ ہفتے ہونے والے معاہدے کے مطابق تیس روز کے اندر ایک قومی حکومت کی تشکیل کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ لیبیا کے متحارب گروہوں نے جمعرات سترہ دسمبر کو مراکش کے شہر صخیرات میں بحران لیبیا کے حل کے لیے ایک سیاسی معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔