داعش گروہ کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کر رہا ہے، روس
روس کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ داعش دہشت گرد گروہ ممکنہ طور پر کیمیائی ہتھیار استعمال کر رہا ہے۔
روس کی وزارت خارجہ نے داعش دہشت گرد گروہ کے ہاتھوں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا قوی امکان ظاہر کرتے ہوئے اس سلسلے میں تحقیقات کا عمل شروع کئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔ روس کی وزارت خارجہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ اس سے قبل ترکی کی حزب اختلاف کی اہم ترین جماعت، پیپلز ریپبلکن پارٹی نے اپنے ملک کی حکمراں جماعت پر الزام لگایا تھا کہ انصاف و ترقی پارٹی نے کیمیائی ہتھیاروں تک داعش دہشت گرد گروہ کی رسائی میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔
ترکی کی اس اپوزیشن جماعت کے دو اراکین پارلیمنٹ نے بھی اعلان کیا ہے کہ ان کے پاس ایسی دستاویزات موجود ہیں جن سے یہ بات ثابت ہو جاتی ہے کہ کیمیائی مواد کے حامل ہتھیار، ترکی میں بنائے گئے ہیں جنھیں پھر شام منتقل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ داعش دہشت گرد گروہ کے ہاتھوں کیمیائی ہتھیاروں کے ممکنہ استعمال کا مسئلہ اس وقت علاقائی و عالمی سطح پر گہری تشویش کا باعث بنا ہوا ہے۔