Jan ۲۳, ۲۰۱۶ ۱۷:۲۹ Asia/Tehran
  • فرانس میں ہنگامی حالت کے نفاذ کا معاملہ

فرانس کے صدر نے ملک میں ہنگامی حالت کے نفاذ کی مدت میں مزید تین مہینے کی توسیع کی بات کی ہے۔

فرانسیسی روزنامہ لو فیگارو نے اپنی ویب سائٹ پر خبردی ہے کہ فرانس کے صدر فرانسوا اولاند نے الیزہ پیلس میں کمیونسٹ پارٹی کے نمائندوں کے سامنے اعلان کیا کہ وہ ملک میں ہنگامی حالت کے نفاذ کی مدت میں مزید تین مہینے کی توسیع کرنا چاہتے ہیں -

ان کا کہنا تھا کہ وہ پارلیمان سے درخواست کریں گے کہ وہ آئندہ چھبیس فروری سے ہنگامی حالت کے نفاذ کی مدت میں تین مہینے کی توسیع کی منظوری دے دے -

فرانس کی کمیونسٹ پارٹی کے سکریٹری جنرل پیرلوران نے بتایا کہ فرانسوا اولاند نے کمیونسٹ پار ٹی کے نمائندوں سے کہا کہ وہ تین فروری کو کابینہ کے اجلاس میں کئی بل منجملہ ملک میں ہنگامی حالت کے نفاذ کی مدت میں توسیع کا بل پیش کریں گے -

واضح رہے کہ گذشتہ برس تیرہ نومبر کو پیرس میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے بعد جن میں ایک سو تیس افراد ہلاک ہوگئے تھے فرانس میں چھبیس فروری دوہزار سولہ تک ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کردیا گیا تھا -

فرانسیسی صدر کے اس تازہ بیان پر متعدد تنظیموں، اداروں اور فرانسیسی عوام کے مختلف طبقوں نے ردعمل کا ا ظہار کیا ہے -

فرانس میں انسانی حقوق کی تنظیموں کی یونین نے کہا ہے کہ اس نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ وہ ملک میں ہنگامی حالت کے نفاذ کا خاتمہ کردے کیونکہ اس صورتحال کے جاری رہنے کی اب کوئی وجہ نہیں ہےاور اس سے شہری آزادی متاثر ہورہی ہے-

اقوام متحدہ کے ماہرین نے بھی فرانس میں ایمرجنسی کے نفاذ پر تنقید کی ہے -

ٹیگس