مذاکرات میں شامی کردوں کی شمولیت پر روس کی تاکید
روس نے شام سے متعلق جنیوا مذاکرات میں شامی کردوں کی شرکت پر زور دیا ہے۔
ماسکو میں شام کی کرد ڈیموکریٹک یونین کے سربراہ صالح مسلم اور روس کے نائب وزیر خارجہ میخائل بوگدانف کی ملاقات کے بعد روسی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ شام سے متعلق جنیوا مذاکرات میں شام کے کردوں کی شرکت، صلح مذاکرات میں ہر طرح کی رکاوٹوں اور تعطل کو دور کرے گی۔
روسی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ جنیوا مذاکرات میں کردوں کی شرکت، شام میں امن و استحکام کی ضامن ہو گی۔ روس کے نائب وزیر خارجہ بوگدانف اور شامی کردوں کے رہنما صالح مسلم نے اپنی ملاقات میں شام سے متعلق صلح مذاکرات میں پیشرفت کے تعلق سے کردوں کے کردار کا حوالہ دیتے ہوئے ان مذاکرات میں کردوں کی شرکت پر زور دیا۔
واضح رہے کہ جنیوا تین مذاکرات، جو تعطل کا شکار ہو گئے تھے آئندہ پچیس فروری کو دوبارہ شروع ہو رہے ہیں۔