مانچسٹر کی مسجد کے سابق امام جماعت کا پراسرار قتل
برطانیہ کے شہر مانچسٹر کی پولیس نے جمعہ کو کہا ہے کہ اس شہر کی مسجد جلالیہ کے امام جماعت اور قاری قرآن "جلال الدین صعب " کو جمعرات کو اس مسجد کے نزدیک قتل کردیا گیا -
ارنا کی رپورٹ کے مطابق مانچسٹر کی پولیس کا کہنا ہے کہ جلال الدین صعب بنگلادیشی نژاد تھے جو جمعرات کی شام کو مسجد جلالیہ میں نماز ادا کرنے کے بعد، اپنے کسی دوست کے گھر جا رہے تھے کہ اچانک ان پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کرکے بری طرح زدوکوب کیا اور ان کے سر کے حصے کو بری طرح زخمی کردیا -
ان ذرائع کے مطابق جلال الدین صعب شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گئے، اور ان کی لاش کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا-
اگرچہ ابھی تک اس قتل کے محرکات معلوم نہیں ہوسکے ہیں تاہم پیرس میں ہونے والے حالیہ مسلح حملوں کے بعد برطانیہ میں اسلامو فوبیا سے متعلق جرائم میں کافی حد تک اضافہ ہوا ہے -
برطانیہ کے اسلامی انسانی حقوق کمیشن نے ایک رپورٹ میں ، جو حال ہی میں برطانیہ میں مسلمانوں کی صورتحال کے تعلق سے منظر عام پر آئی ہیے کہا ہے مسلمانوں کے خلاف نفرت میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے-