شام میں جنگ بندی پائیدار ہے، بان کی مون
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے شام میں جنگ بندی کو پائیدار قرار دیا ہے۔
فرانس پریس کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے شام میں جنگ بندی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ بندی کی چھوٹی موٹی خلاف ورزیوں کے باوجود مجموعی طور پر جنگ بندی پرعمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ جنگ بندی پائیدار ہے اور تمام فریق اس پرعمل درآمد کر رہے ہیں۔
روس اور امریکہ کے درمیان مذاکرت اور اتفاق رائے نیز سلامتی کونسل کی قرار داد پر عمل درآمد کے بعد ہفتے کے روز سے شام میں جنگ بندی پر عمل درآمد شروع ہو گیا ہے۔ شامی حکومت اور اس کے مسلح مخالفین نے جنگ بندی پر عمل درآمد جاری رکھنے اور مخاصمت ترک کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ داعش اور جبہۃ النصرہ جیسے دہشت گرد گروہوں پر اس جنگ بندی کا اطلاق نہیں ہو گا۔
اس سے پہلے شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسٹیفن دی مستورا نے کہا تھا کہ اگر جنگ بندی پر بھرپور طریقے سے عمل کیا گیا اور عام شہریوں تک انسانی امداد کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہوئی تو امن مذاکرات کا سلسلہ سات مارچ سے دوبارہ شروع ہو سکتا ہے۔
امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے شام کے صدر بشار اسد کی حکومت کو ختم کرنے کی غرض سے مسلح گروہوں کی حمایت کے سبب سن دو ہزار گیارہ سے شام کا بحران جاری ہے۔