دہشت گردی کا زیادہ موثر مقابلہ کرنے پر روس کی تاکید
-
دہشت گردی کا زیادہ موثر مقابلہ کرنے پر روس کی تاکید
روس کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں مشرق وسطی کے علاقے میں دہشت گردی کے مسئلے کا زیادہ موثر مقابلہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق روسی وزارت خارجہ نے پیر کے روز ایک بیان میں اتوار کو بغداد میں ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ جن میں ستر سے زائد افراد جاں بحق اور ایک سو سے زیادہ زخمی ہو گئے تھے، کہا ہے کہ بغداد میں دہشت گردانہ حملوں نے دہشت گردی کا زیادہ موثر مقابلہ کرنے کی ضرورت کو واضح کر دیا ہے۔
روسی وزارت خارجہ نے اس بیان میں ان دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے دہشت گردانہ اقدامات دہشت گردوں کی انسانیت مخالف ماہیت کو ظاہر کرتے ہیں کہ جو مذہبی نعروں کے پیچھے چھپے ہوئے ہیں۔ اس بیان میں مزید کہا گیا ہے، یہ حقیقت کہ دہشت گردوں کے اقدامات عراق میں نسلی اختلافات پیدا کرنے اور اس ملک میں قومی اتحاد کے قیام میں خلل ڈالنے کے مقصد سے انجام دیے جا رہے ہیں، بہت ہی تشویش ناک ہے۔
واضح رہے کہ اتوار کے روز بغداد کے شیعہ آبادی والے علاقے صدر سٹی میں دو بم دھماکے ہوئے جن میں ستر سے زائد افراد جاں بحق اور ایک سو سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ دہشت گرد گروہ داعش نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔