جنیوا مذاکرات کی ناکامی کی صورت میں شام میں جنگ دوبارہ شروع ہو جائے گی: اسٹیفن ڈی میستورا کا انتباہ
شام کے امور میں اقوام متحدہ کے نمائندے نے خبردار کیا ہے کہ جنیوا مذاکرات کی ناکامی کی صورت میں شام کے بارے میں کوئی بھی دوسرا آپشن نہیں رہے گا اور جنگ دوبارہ شروع ہو جائے گی۔
شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسٹیفن ڈی میستورا نے جنیوا میں کہا کہ جہاں تک میں جانتا ہوں وہ یہ ہے کہ مذاکرات کی ناکامی کی صورت میں جنگ کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں بچے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس صورت میں جو جنگ شروع ہو گی وہ پہلے سے بھی زیادہ تباہ کن ہو گی-
اقوام متحدہ کے نمائندے نےجنیوا مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ اس مرحلے میں ہونے والے مذاکرات تین ادوار پر مشتمل ہوں گے اور اگر ان تینوں ادوار کے اختتام تک کوئی اتفاق رائے نہ ہوسکا تو کم سے کم ایک واضح روڈمیپ ضرور تیار کر لیا جائے گا-
شام سے متعلق جنیوا امن مذاکرات پیر سے ایک ایسے وقت انجام پا رہے ہیں کہ جب شامی حکومت اور مخالفین ابھی تک مذاکرات کی تفصیلات پر متفق نہیں ہو سکے ہیں اور ان مذاکرات کا کوئی واضح ایجنڈا بھی تیار نہیں ہو پایا ہے-
شامی حکومت کے مخالفین اس بات پر اڑے ہوئے ہیں کہ عبوری سیاسی دور میں صدر بشار اسد کا کوئی رول نہیں ہونا چاہئے- شامی حکومت نے مخالفین کے اس مطالبے کو سختی کے ساتھ مسترد کر دیا ہے۔