Mar ۱۷, ۲۰۱۶ ۱۶:۳۱ Asia/Tehran
  • ضرورت پڑنے پر روسی فوج چند گھنٹے کے اندر شام میں واپس پہنچ سکتی ہے: ولادیمیر پوتن

روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ ضرورت پڑنے پر روسی فوج چند گھنٹے کے اندر شام میں واپس پہنچ سکتی ہے۔

روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے شام میں روسی فوج کی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ماسکو شامی فوج کے لئے اپنی لاجیسٹک اور ٹیکٹیکی حمایت جاری رکھے گا -  روسی صدر ولادیمیر پوتن نے شام سے واپس لوٹنے والے فوجی کمانڈروں کو تمغوں سے نوازنے کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شام سے روسی فوجیوں کو نکالنے کا فیصلہ شام کے صدر بشاراسد سے ہم آہنگی کے بعد کیا گیا ہے -

انہوں نے کہا کہ شام میں ہمارے فوجی اڈے ، دفاعی میزائلی سسٹم اور ٹینک بدستور موجود رہیں گے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ شام میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر روسی فضائیہ کے حملے بھی جاری رہیں گے -

روسی صدر نے کہا کہ خود روس کی سلامتی کے لئے شام میں دہشت گردوں کے خلاف روسی فوج کےحملوں کا جاری رہنا ضروری ہے - ان کا کہنا تھا کہ سیکورٹی کے بغیر امن و آسائش کا تصور نہیں کیا جاسکتا -

صدر ولادیمیر پوتن نے کہا کہ ہم نے دہشت گردوں کے ذریعے تیل کی اسمگلنگ کا راستہ بند کردیا ہے - انہوں نے کہاکہ ہم نے میدان جنگ میں شامی فوج کی کامیابی میں مدد کی ہے اور اب شام میں جاری جنگ بندی پر پوری طرح کاربند رہیں گے -

اس تقریب میں روس کے وزیراعظم دیمتری مدیدوف ، وزیردفاع سرگئی شائیکو اور شام میں مارے گئے روسی فوجیوں کے اہل خانہ بھی موجود تھے -

ٹیگس