Dec ۲۵, ۲۰۲۵ ۱۰:۵۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں لاقانونیت عروج پر! شدت پسند ہندو تنظیموں کا کرسمس کا جشن منانے والوں پر حملہ، کانگریس نے مودی حکومت پر کی سخت تنقید

کرسمس تہوار کے موقع پر ہندوستان کے مختلف حضوں میں شدت پسند ہندو تنظیموں نے عیسائی مذہب کے ماننے والوں پر حملہ کیا ہے۔ اس دوران کئی مقامات پر معصوم بچوں پر بھی حملے کئے جانے کی خبر ہے۔ ان تشدد کے واقعات پر اپوزیشن پارٹی کانگریس نے سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان:  کرسمس تہوار کے موقع پر ہندوستان کے مختلف حصوں سے مخالفت اور تشدد کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ کئی جگہوں پر کرسمس کا جشن منانے سے منع کیا گیا تو کئی جگہوں پر مار پیٹ تک کی نوبت آ گئی۔ ’نو بھارت ٹائمس‘ پر شائع خبر کے مطابق کیرالہ میں بچوں کے ’کرسمس کیرول‘ گروپ پر حملہ کیا گیا، جس میں مبینہ طور پر بچوں کو زدوکوب کیا گیا۔ بچوں کے والدین نے بی جے پی لیڈر سی کرشنا کمار کے اس بیان کی سخت مخالفت کی ہے جس میں انہوں نے حملے کو جائز قرار دینے کی کوشش کی تھی۔ بدھ (24 دسمبر) کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے والدین نے بتایا کہ بچے ہر سال کی طرح کیرول گا رہے تھے، تبھی یہ واقعہ پیش آیا۔ ان کا دعویٰ ہے کہ گروپ میں صرف 10 سے 15 سال کی عمر کے بچے تھے، کوئی بھی بالغ وہاں موجود نہیں تھا۔

’اے بی پی نیوز‘ پر شائع خبر کے مطابق ہریدوار کے ہوٹل بھاگیرتھی میں 24 دسمبر کو ہونے والی کرسمس تقریب منسوخ کر دی گئی تھی۔ ہوٹل انتظامیہ نے پریس کانفرنس کے ذریعے تقریب کی منسوخی کا اعلان کیا تھا۔ ہوٹل کا انتظام سنبھالنے والی اتیشے کمپنی کے جی ایم نونیت سنگھ نے بتایا کہ ’’کچھ تنظیموں کے اعتراض کے بعد اس تقریب کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔‘‘

 

اسی طرح دہلی کے ایسٹ آف کیلاش علاقے کی مارکیٹ میں 2 روز قبل درجن بھر خواتین اور بچے کرسمس کے تہوار سے قبل سانتا کلاز کی سرخ ٹوپیاں پہنے کرسمس کے بارے میں معلومات پر مبنی پمفلٹ تقسیم کر رہے تھے، تبھی مارکیٹ میں موجود لوگوں نے اس پر اعتراض کیا اور خواتین کو مارکیٹ سے جانے کے لیے کہہ دیا۔ اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہو رہی ہے۔

سپریہ شرینیت

 

ہندوستان کے مختلف حصوں میں کرسمس کے موقع پر عیسائی برادری کی مخالفت اور ان پر ہونے والے حملہ پر اپوزیشن جماعت کانگریس نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کانگریس لیڈر سپریہ شرینیت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اس حوالے سے ایک پوسٹ کی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ ’’نریندر مودی نے اور بی جے پی نے پورے ہندوستان میں نفرت پھیلائی ہے۔ کرسمس کے خوبصورت تہوار کے دوران جو امن اور ہم آہنگی پھیلاتا ہے، عیسائیوں پر دائیں بازو کے غنڈوں کی جانب سے حملہ کیا جا رہا ہے اور انہیں ڈرایا جا رہا ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’مودی تصویر کھنچوانے کے لیے پوپ کو گلے لگاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ان کا عیسائی برادری کے ساتھ پرانا رشتہ ہے۔ اس کے باوجود، کچھ دائیں بازو کے غنڈے اور کچھ بی جے پی کے کارکنان کرسمس منانے والوں کو ڈرا رہے ہیں، اس کے باوجود حکومت خاموش ہے۔‘‘

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

ٹیگس