Mar ۱۸, ۲۰۱۶ ۰۷:۵۴ Asia/Tehran
  • شمالی کوریا نے ایک بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا

شمالی کوریا نے ایک بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے جس نے آٹھ سوکلومیٹر کے فاصلے پر سمندر میں اپنے ہدف کو نشانہ بنایا ہے-

سئول سے فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا نے جمعے کی صبح کو ایک بیلسٹک میزائل اس ملک کے مشرقی ساحل کے اطراف میں داغا ہے-

جنوبی کوریا کی وزارت دفاع کے ایک ترجمان نے بھی کہا ہے کہ شمالی کوریا نے جنوب مغربی علاقے ساکچون سے ایک بیلسٹک میزائل فائر کیا جو آٹھ سوکلومیٹر کے فاصلے پر مشرقی سمندر میں گرا، اس مقام کو سی آف جاپان بھی کہا جاتا ہے-

جنوبی کوریا کی وزارت دفاع کے اس عہدیدار نے داغے جانے والے میزائل کی نوعیت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا ہے-

یہ تجربہ شمالی کوریا کے رہنما " کم جونگ اون " کے بیان کے ایک دن بعد کیا گیا جس میں انہوں نے مزید ایٹمی وار ہیڈ اور میزائل تجربوں کا حکم دیا تھا-

شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا نے کہا ہےکہ اس ملک کے رہنما کِم جونگ اون نے عنقریب ہی ایک ایٹمی وار ہیڈ کی طاقت جانچنے کے لیے اور اس طرح کے وار ہیڈ کو لے جانے کی صلاحیت کے حامل دور مار میزائلوں کے تجربات عمل میں لانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

ان تجربات کا مقصد کسی ایٹمی حملے کی صورت میں ملکی دفاعی قابلیت کو بہتر بنانا ہے

شمالی کوریا کے حالیہ ایٹمی تجربے کےبعد امریکہ اور اقوام متحدہ نے اس ملک کے خلاف پابندیاں مزید سخت کردی ہیں-

ٹیگس