Mar ۱۸, ۲۰۱۶ ۱۵:۲۵ Asia/Tehran
  • صدر پوتن کے دورہ پاکستان کے لیے ٹھوس وجوہات موجود نہیں: پاکستان میں متعین روسی سفیر

پاکستان میں متعین روسی سفیر نے کہا ہے کہ صدر پوتن کے دورہ پاکستان کے لیے ٹھوس وجوہات موجود نہیں ہیں۔

اسلام آباد میں انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز میں پاک - روس تعلقات کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے روسی سفیر الیگزی دیدووف نے کہاعام طور پر دوروں کا مقصد محض تقریبات میں شرکت کرنا نہیں بلکہ اس کیلئے ٹھوس وجوہات ہونا چاہیئں۔

روسی سفیر کے مطابق ٹھوس وجوہات میں تعاون کی دستاویز پر دستخط، تعلقات میں وسعت کیلئے منصوبہ بندی اور اعلامیے وغیرہ شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب مناسب اور ٹھوس وجوہات سامنے آئیں گی تب صدر پوتن دورہ پاکستان پر ضرور غور کریں گے۔

روسی حکام نے اکتوبر دو ہزار بارہ میں پاکستان، روس، تاجیکستان اور افغانستان پرمشتمل چار فریقی کانفرنس میں شرکت کی غرض سے صدر پوتن کے دورہ پاکستان کا اعلان کیا تھا تاہم آخری لمحات میں یہ دورہ منسوخ کر دیا گیا۔

یہاں اس بات کا ذکر ضروری ہے کہ آج تک کسی بھی روسی حکمراں نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا ہے۔

روسی سفیر نے کہا کہ ان کا ملک شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان کی شمولیت کی حمایت کرتا ہے اور تاشقند میں تنظیم کے اجلاس میں وزیر اعظم نواز شریف اور صدر پوتن کے درمیان ملاقات دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں ایک اچھی ثابت پیشرفت ہوگی ۔

روس پاکستان تعلقات کےفروغ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روس کا مقصد صرف پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون کو فروغ دینا نہیں بلکہ اسے اپنے قریب لانا ہے تاکہ خطے میں امریکہ کے اثر و رسوخ کو کم اور اپنے اتحادیوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔

ٹیگس