Mar ۱۹, ۲۰۱۶ ۰۸:۰۹ Asia/Tehran
  • پیرس حملے کا مرکزی ملزم گرفتار

بیلجیم کے وزیر اعظم نے پیرس حملے کے مرکزی ملزم کی گرفتاری کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کامیابی قرار دیا ہے

فرانس کے ٹی وی چینل چوبیس کی رپورٹ کے مطابق بیلجیم کے وزیر اعظم شارل میشل نے کہا ہے کہ بیلجیم کی فوج نے دارالحکومت برسلز میں ایک کاروائی کے دوران پیرس حملے کے پانچ ملزمین منجملہ مرکزی ملزم صالح عبدالسلام کو گرفتار کرلیا ہے-

شارل میشل نے مزید کہا کہ حالیہ مہینوں میں انجام پانے والی کوششیں، ایک کامیاب آپریشن پر منتج ہوئی ہیں اور یہ کامیابی دہشت گردی سے مقابلے میں اہم کامیابی ہے-

اطلاعات کے مطابق بیلجیم پولیس نے گزشتہ روز ایک اپارٹمنٹ پر چھاپے کے دوران صالح عبدالسلام کے فنگر پرنٹ ملنے کے بعد اس کی تلاش کا کام تیز کردیا تھا۔

پولیس حکام کے مطابق ایک بار پھر مولنبیک کے علاقے میں خفیہ اطلاع کے بعد سکیورٹی فورسز کی بڑی تعداد نے مشکوک اپارٹمنٹ کو گھیر کر چھاپہ مارا اور صالح عبدالسلام کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ چھاپے کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک اورایک فرار ہوگیا۔

در ایں اثنا فرانسیسی صدرفرانسوا اولاند نے کہا ہے کہ پیرس حملوں کے مرکزی ملزم صالح عبدالسلام کی گرفتاری بڑی کامیابی ہے،بیلجیم سےصالح عبدالسلام کو حوالے کرنے کی درخواست کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں، پیرس میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں میں 130 افراد ہلاک اور ساڑھے تین سو سے زائد زخمی ہوگئے تھے-

ٹیگس