امریکہ - فلپائن فوجی مشقوں کے خلاف منیلا میں مظاہرہ
فلپائن کے عوام نے امریکہ کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقوں کے خلاف مظاہرہ کیا ہے۔
سیکڑوں کی تعداد میں عوام نے امریکہ اور فلپائن کی مشترکہ فوجی مشقوں کے خلاف دارالحکومت منیلا میں امریکی سفارت خانے کے سامنے احتجاجی مارچ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ فلپائن - امریکہ مشترکہ مشقوں کے نتیجے میں خطے کی کشیدگی میں اضافہ ہو گا۔
مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں ایسے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر فلپائن میں امریکی فوجیوں کی تعیناتی کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ امریکی فوجیوں کی موجود گی کو اپنے ملک کے اقتدار کی خلاف ورزی سمجھتے ہیں۔
مظاہرین فلپائن سے امریکی فوجیوں کے مکمل انخلا کا مطالبہ کر رہے تھے۔
قابل ذکر ہے کہ چین اور جنوبی بحیرہ چین کے ساحلی ملکوں کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے ساتھ ہی امریکہ نے فلپائن کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقوں کا آغاز کیا ہے۔
چین کا دعوی ہے کہ جنوبی بحیرہ چین کے تقریبا سب ہی جزیرے اس کی ملکیت ہیں۔
دوسری جانب برونئی، فلپائن، تائیوان اور ویتنام بھی جنوبی بحیرۂ چین کے بعض جزیروں پر اپنی ملکیت کے دعویدار ہیں۔
فلپائن اور امریکہ نے گزشتہ برس دفاعی تعاون کی تقویت کے ایک معاہدے پر دستخط کئے تھے۔ اس معاہدے کے تحت امریکہ فلپائن کے پانچ علاقوں میں اپنے فوجی تعینات کر سکتا ہے۔