Apr ۰۷, ۲۰۱۶ ۱۹:۴۱ Asia/Tehran
  • ایران سے امریکی وزیر خارجہ کی درخواست

امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے شام اور یمن میں جنگ ختم کرانے کے لئے ایران سے مدد کی درخواست کی ہے۔

امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے منامہ میں خلیج فارس تعاون کونسل کے وزرائے خارجہ کے اجلاس سے قبل ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ایران ہماری مدد کرے تاکہ یمن اور شام میں جنگ کو ختم کرایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کی مدد سے ہم علاقے کو جنگ کی صورت حال سے باہر نکال سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ عمان کو چھوڑ کر خلیج فارس تعاون کونسل کے سبھی رکن ملکوں نے یمن پر وحشیانہ حملوں میں سعودی عرب کا ساتھ دیا ہے۔ سعودی عرب اور اس کے اتحادی ملکوں کا مقصد یمن کے مفرور صدر منصور ہادی کو دوبارہ اقتدار میں لانا تھا اور اس کے لئے انہوں نے ایک سال کے عرصے میں دسیوں ہزار یمنی شہریوں کو خاک و خوں میں غلطاں اور یمن کی بیشتر شہری تنصیبات کو تباہ و برباد کر دیا۔

بتایا جاتا ہے کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے حملوں میں اب تک نو ہزار چار سو یمنی شہری شہید ہوئے ہیں جن میں چار ہزار خواتین اور بچے شامل ہیں۔

دوسری جانب متعدد عرب ممالک، شام میں دہشت گرد گروہوں کی مالی مدد اور انھیں ہتھیار فراہم کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ دو ہزار گیارہ میں بحرین میں شاہی حکومت کے خلاف شروع ہونے والی عوامی تحریک کے بعد سے کسی بھی امریکی وزیر خارجہ کا یہ پہلا دورہ بحرین ہے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بحرین میں امریکا کا پانچواں بحری بیڑا موجود ہے اور وہ بحرین کی شاہی حکومت کا سب سے بڑا حمایتی ہے-

دو ہزار گیارہ سے اب تک بحرین کی آل خلیفہ حکومت نے بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی ہے اس کے باوجود جان کیری نے بحرین میں انسانی حقوق کی صورت حال کے بارے میں آل خلیفہ حکومت کی تعریف کی ہے۔

ٹیگس