Apr ۱۰, ۲۰۱۶ ۱۵:۲۴ Asia/Tehran
  • داعش میں یورپ کے ہزاروں افراد کی شمولیت

تکفیری دہشت گرد گروہ داعش میں یورپ کے ہزاروں افراد شامل ہیں ۔

ہمارے نمائںدے کی رپورٹ کے مطابق یورپ کے ادارہ انسداد دہشت گردی نے اپنی تازہ رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ داعش کے دہشت گردوں میں کم سے کم چار ہزار تین سو یورپی باشندے شامل ہیں ۔

اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ داعش میں شمولیت کے بعد یہ یورپی دہشت گرد، مشرق وسطی میں خاص طور پر عراق اور شام میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں سرگرم ہیں ۔ یورپ کے ادارہ انسداد دہشت گردی کی اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران دنیا کے ایک سو چار ملکوں سے تیس ہزار دہشت گرد مشرق وسطی پہنچے ہیں۔

اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ داعش میں شامل یورپی دہشت گردوں میں دو ہزار آٹھ سو تراسی کا تعلق بلجیئم ، فرانس، جرمنی اور برطانیہ سے ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ داعش میں شامل فرانس اور جرمنی کے دہشت گردوں میں سے کم سے کم پاںچ سو پچاس دہشت گرد اپنے ملکوں میں واپس پہنچ گئے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ یورپ کا ادارہ انسداد دہشت گردی یورپ کی پولیس یورو پول کا حصہ ہے جو دو ہزار پندرہ میں قائم کیا گیا۔ اس ادارے کا ہیڈکواٹر ہالینڈ کے شہر ہیگ میں ہے۔

یورپ کے ادارہ انسداد دہشت گردی نے اپنی تازہ رپورٹ میں داعش میں یورپ کے ہزاروں دہشت گردوں کی شمولیت کا ایسی حالت میں اعتراف کیا ہے کہ اس تکفیری دہشت گرد گروہ نے عراق اور شام میں انسانیت سوز جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔

ٹیگس