ایران اور یورپی یونین کے درمیان تعلقات کی بحالی
یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے کہا ہے کہ ان کے دورہ ایران کا مقصد تعلقات کو بحال کرنا ہے-
یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے جمعے کو اپنے دورہ تہران سے قبل کہا کہ ان کے اس سفر کا مقصد یورپی یونین اور ایران کے درمیان تعلقات کو بحال کرنا ہے-
ارنا کی رپورٹ کے مطابق فیڈریکا موگرینی نے جرمنی کے اخبار handelsblatt کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ آج ایران اور یورپی یونین کے درمیان باہمی تعاون، دیگر زمانوں سے زیادہ اہمیت کا حامل ہے - انہوں نے عالمی اور علاقائی مسائل میں تہران کے ساتھ تعمیری تعاون کی اہمیت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین ، ایک ایسے تعمیری تعاون میں بہت زیادہ دلچسپی رکھتی ہے-
یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ نے کہا کہ ماضی میں ایران کے ساتھ ہمارے تعلقات طویل عرصے تک ایٹمی پروگرام سے متاثر تھے اور اس سے ہمیں اور ایران کو بھی نقصان پہنچا ہے-
فیڈریکا موگرینی نے اس جرمن اخبار سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دورہ تہران میں ایرانی حکام کے ساتھ تجارت ، سرمایہ کاری ، انرجی کے مختلف شعبوں اور پرامن ایٹمی شعبے میں تعاون پر بھی بات چیت ہوگی - فیڈریکا موگرینی نے کہا کہ ایرانی حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں پناہ گزینوں کے مسائل ، انسداد منشیات ، سائنسی تحقیقات اور ساتھ ہی علاقائی مسائل پر خاص طور سے تبادلہ خیال ہوگا -