Apr ۱۶, ۲۰۱۶ ۱۱:۴۲ Asia/Tehran
  • جاپان میں ایک بار پھر شدید زلزلہ

جاپان کا جنوب مغربی علاقہ ایک بار پھر زلزلے سے لرز اٹھا ، سات اعشاریہ تین شدت کے زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد پندرہ ہو گئی ، ایک ہزار زخمیوں کو ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے ۔

جاپان کا شہر کوما موٹو دو روز میں دو بار شدید زلزلے سے لرز اٹھا ، قدرتی آفت کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد پندرہ ہو گئی جبکہ ایک ہزار زخمی ہیں ۔

جاپان کا واحد فعال نیوکلئیر پاور پلانٹ بھی اسی علاقے میں واقع ہے ، ستر ہزار افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے ۔

بیشتر شہریوں نے آفٹر شاکس کے خوف سے رات کھلے آسمان تلے گزاری ، ایک لاکھ ساٹھ ہزار افراد بجلی سے محروم ہیں۔ زلزلے سے ریلوے اور پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے ۔

حکام کے مطابق اتوار سے ہونے والی بارشوں کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے ۔

جمعے کے روز آنے والے زلزلے کے بعد جاپان میٹرولوجیکل ایجنسی نے مغربی ساحل پر واقع کیوشو جزیرے کے لیے سونامی وارننگ جاری کی تاہم بعد میں اسے واپس لے لیا گیا۔

واضح رہے کہ جاپان کا شمار دنیا  کے ان ممالک میں ہوتا ہے کہ جہاں  سب سے زیادہ زلزلے آتے ہیں  اور دنیا کے کئی خطوں اور ممالک میں آنے والے زلزلوں میں 20 فیصد زلزلے صرف جاپان میں آتے ہیں۔

ٹیگس